سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا میں ممکنہ آپریشن کی مخالفت کردی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں آپریشن کی تیاری ہو رہی ہے یہ بدمعاشی ہے، پاکستان جس نہج پر پہنچ گیا ہے آگے تباہی ہے۔
اسلام آباد بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے کے پی کے کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا، سب نے متفقہ طور پر کہا ملٹری آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔ہم مزاحمت کر رہے ہیں اور آخری سانس تک مقابلہ کریں گے، جس طرح آج پی ٹی آئی ڈٹی ہے کوئی سیاسی جماعت نہیں ٹک سکے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ایمان مزاری صاحبہ کا نام لیا کیونکہ مزاحمت کے دور میں بہنوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ہماری سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی بہنوں کی مزاحمت دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج مجھ پر مشکل وقت ہے تو کل آپ پر بھی آنا ہے، آگ کل سب کے گھر کو لگے گی اگر آپ نے آواز اٹھائی اور ساتھ رہے تو آپ کا گھر بھی بچے گا، اگر آپ چپ رہیں گے تو کل آپ کی باری ہوگی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کو اللہ نے سب دیا ہے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے، وہ ہماری جنگ لڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ جو ظلم و جبر اور فسطائیت ہو رہا ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا سیکورٹی تھریٹ ہے مگر عدالتیں بلاتی تھیں، بانی پی ٹی آئی زخمی حالت میں عدالتوں میں آتے تھے۔ آئینی کی سربلندی کے لیے سر کٹ جائیں کوئی پروا نہیں ہے۔ اگر ہم آئین کی سربلندی کیلئے کھڑے نہیں ہوتے تو کل کو ہمارے بچے ہم پر تھوکیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھ اکہ توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے والے اقتدار میں ہیں اور قانونی طریقے سے چیز لینے والا جیل میں ہے۔ ہمیں بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہے، ہمیں 26 اور 27 ویں ترمیم کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ وکلاء تحریک کا اعلان کریں، پاکستان کا ہر نوجوان انکے ساتھ کھڑا ہوگا۔
