صوبے اور عوام کی خاطر سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت اور اداروں کو دہشتگردی کے معاملے پر پالیسی سازی کے لیے ایک ساتھ بیٹھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے اور عوام کی خاطر سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

سہیل آفریدی اچانک خیبرپختونخوااسمبلی پہنچے اور اسمبلی سے خطاب میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

اسمبلی اجلاس سے پرجوش تقریر کے دوران سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جاری ہونے والی پریس ریلیز وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان کشیدگی کا پروانہ ہے، 24 رکنی کمیٹی نے تیراہ میں آپریشن کا فیصلہ کیا۔آج کے بعد کسی بھی وفاقی ادارے یا وفاق سے کمیونیکیشن زبانی نہیں بلکہ تحریری ہوگی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آئی ڈی پیز کی ادائیگی کی مد میں آج بھی وفاق کے ذمے 52 ارب روپے بقایا ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومت کو ساتھ بٹھایا جائے۔ مستقل اور پائیدار امن کے لیے مل بیٹھ کر پالیسی بنانا ہوگی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ  ایک طرف دہشتگردی ہے، دوسری طرف وفاق بقایاجات ادا نہیں کر رہا، جبکہ اب بھی 4 ہزار 758 ارب روپے وفاق کے ذمے ہیں۔

Back to top button