کچھ سازشی عناصر عمران خان کو اقتدارمیں لانے کی کوشش کر رہے ہیں: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بعض سازشی عناصر ایک بار پھر بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں واپس لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فیض حمید بانیٔ پی ٹی آئی کے منصوبے کے اصل انچارج تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب فیض حمید کور کمانڈر پشاور تھے تو اسی دوران عمران خان کی سیاست کو تقویت دی گئی، جبکہ دھاندلی کے ذریعے فیض حمید کی نگرانی میں بانیٔ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں دیگر شخصیات بھی شامل رہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ چار سال تک بانیٔ پی ٹی آئی نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، جس کے ذمہ دار فیض حمید اور بانیٔ پی ٹی آئی تھے۔ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے دورِ حکومت میں کیا کارکردگی دکھائی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دور میں پارلیمنٹ کو آئی ایس آئی کا ذیلی ادارہ بنا دیا گیا تھا، جبکہ فیض حمید کا منصوبہ آہستہ آہستہ بے نقاب ہوتا چلا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے 9 مئی کے واقعات کو منظم کیا گیا، جس کی منصوبہ بندی فیض حمید نے کی۔ ان کے مطابق تمام سیاسی مخالفین کو فیض حمید کے ذریعے جیلوں میں ڈلوایا گیا، اور ملک کے خلاف ایک خطرناک کھیل کھیلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کی تباہی فیض حمید اور بانیٔ پی ٹی آئی کی مشترکہ کارروائی تھی۔ اگر یہ گٹھ جوڑ برقرار رہتا تو ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا تھا۔ ان عناصر نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی ہے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ احتساب صرف چند افراد تک محدود نہیں ہوگا بلکہ بیوروکریسی اور دیگر اداروں میں چھپے کرداروں کا بھی محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فوج نے خود فیض حمید کا ٹرائل کیا اور 15 ماہ کے اندر مقدمہ مکمل کر کے سزا سنائی گئی۔
خواجہ آصف کے مطابق 9 مئی کو ہونے والی تباہی فیض حمید کا جوائنٹ وینچر تھی، جبکہ آج بھی کچھ عناصر بانیٔ پی ٹی آئی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو افواج اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، جبکہ اسی فوج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی میں پاکستان کی نئی تاریخ رقم ہوئی جس پر ہمیں فخر ہے۔ اگر فیض حمید اور بانیٔ پی ٹی آئی کا اتحاد قائم رہتا تو ملک کا مستقبل خطرے میں پڑ جاتا۔ ان عناصر کو انجام تک نہ پہنچایا گیا تو یہ ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فیض حمید کو سزا کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے، تاہم نواز شریف کو ایسی سہولت کبھی میسر نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کو مشکل حالات سے نکالا اور فوجی قیادت نے سویلین حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے دعا کی کہ فیض حمید اور بانیٔ پی ٹی آئی جیسے عناصر کا مکمل خاتمہ ہو۔
آخر میں خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف مزید الزامات بھی زیرِ غور ہیں، جن میں 9 مئی کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ سیاست میں ایسے افراد موجود ہیں جو ماضی میں سازشوں کا حصہ رہے، ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کو ان کے خلاف استعمال کیا گیا اور انہیں نواز شریف کے خلاف بیان دینے پر مجبور کرنے کی کوشش کی گئی، انکار پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
