جنوبی افریقہ نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کاٹائٹل نام کرلیا

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان کے 196 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ ہدف 16.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مکمل کرلیا، اے بی ڈویلیئرز 120 جبکہ ڈومنی 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم ہاشم آملہ 18 رنز بناکر سعید اجمل کے بال پر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مخالف ٹیم کو 196 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب کامران اکمل 2 رنز بنانے کے بعد جنوبی افریقہ کے باولر ولجون کے بال پر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسری وکٹ محمد حفیط کی گری جو 17 رنز بناکر پارنیل کے بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد شرجیل خان 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ شعیب ملک 20 اور آصف علی 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا فائنل آج برمنگھم میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور وہ بھارت کی جانب سے سیمی فائنل سے سیاسی کشیدگی کے باعث دستبرداری کے بعد براہ راست فائنل میں پہنچی۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ایک ٹی 20 فارمیٹ پر مبنی ٹورنامنٹ ہے جو ہر سال انگلینڈ میں منعقد ہوتا ہے اور اسے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کی منظوری حاصل ہے۔
یہ ٹورنامنٹ ریٹائرڈ اور غیر کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے، جن کا تعلق کرکٹ کی بڑی ٹیموں جیسے انگلینڈ، بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے ہوتا ہے۔
2024 میں آغاز لینے والا یہ ایونٹ دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر چکا ہے، جہاں شاہد آفریدی، یوراج سنگھ، کیون پیٹرسن، بریٹ لی، اوئن مورگن اور کرس گیل جیسے مایہ ناز سابق کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں۔
