جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں کے حملے میں رہنما جے یو آئی ف مولانا سلطان محمد شہید

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں گزشتہ روز دھماکے میں زخمی ہونےوالے جے یو آئی ف کے رہنما مولانا سلطان محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
جمعیت علما اسلام ف کاکہنا ہےکہ یہ حملہ اس بات کی غمازی کرتا ہےکہ باجوڑ اور جنوبی وزیرستان جیسے گہرے مذہبی تشخص رکھنےوالے علاقوں میں امن کے داعی علماء مسلسل خطرے میں ہیں۔
6 ماہ قبل جمعیت علما اسلام جنوبی وزیرستان کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم بم دھماکےمیں شدید زخمی ہوئےتھے۔ اس سے قبل سابق ضلعی امیر مولانا مرزا جان بھی دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔
جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مخلص اور جری ساتھی مولانا سلطان محمد کی شہادت پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے، جمعیت علما اسلام اپنی آئینی،جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھےگی، چاہے اس راہ میں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینا پڑیں۔قومی سلامتی کے ادارے فوری طور پر امن قائم کرنے اور علماء کرام کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
