حلف کی خلاف ورزی پرسپیکرکےپاس ارکان کومعطل کرنےکااختیارہے،وزیرقانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حلف کی خلاف ورزی پر سپیکر کوارکان کو معطل کرنے کا اختیارآئین نےدیاہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ لاہورمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ پنجاب اسمبلی کے 26 اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کا امکان موجود ہے، اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس بھیجا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا احتجاج کرنا آئینی حق ہے، مگر مائیک اکھاڑنا اور کرسیاں مارنا کسی صورت احتجاج کی تعریف میں نہیں آتا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسپیکر کے اختیارات واضح ہیں، وہ ایوان کے سربراہ ہیں اور ان کے اختیارات ایسے ہی ہیں جیسے گھر کے بڑے کے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اراکین نے آئین کے مطابق کام کرنے کا حلف اٹھایا ہے، اور اگر کوئی اس حلف کی خلاف ورزی کرے گا تو اسپیکر کے پاس اسے معطل کرنے یا کارروائی کا اختیار موجود ہے۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اگر اسپیکر چاہیں تو 26 اراکین کے خلاف ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا سکتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسپیکر غیر جانبداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے، اور اگر حکومتی ارکان بھی ایوان کی حدود پار کریں گے تو انہیں بھی روکا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ احتجاج ہر اپوزیشن کا حق ہے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایوان کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جمہوری طریقے سے اختلاف رائے ظاہر کیا جائے، کیونکہ قانونی دائرے میں رہ کر آواز اٹھانا ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔
