اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرادی، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہرنےکہاکہ امید ہے کل تک حکومت کی جانب سے کمیٹی بن جائےگی جس کے بعد مذاکرات ہوں گے، کیونکہ بات چیت کے علاوہ کوئی حل نہیں۔
رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے آج کہا ہے ڈیڈ لائن ختم اب سول نافرمانی کی تحریک پر عمل ہوگا؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بالکل سول نافرمانی کی تحریک پر بھی عمل ہوگا۔
دوسری جانب حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر معاملات آگے نہ بڑھ سکے، اسپیکر ایاز صادق سہولت کاری کے لیے تیار ہیں لیکن ابھی تک فریقین میں سے کسی نے باضابطہ طور پر ان سے رابطہ نہیں کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے حکومت اور تحریک انصاف کو پیشکش کی تھی کہ وہ فریقین کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، لیکن تحریک انصاف کی جانب سے نامزد مذاکراتی کمیٹی کے نام اسپیکر کو نہیں دیے گئے، دوسری جانب حکومت تاحال مذاکراتی کمیٹی تشکیل نہیں دے سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نواز شریف اور دیگر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کمیٹی تشکیل دیں گے، اور اس معاملے پر وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی بالآخر حکومت سے بات چیت کرنے کے لیے مان گئی ہے اور عمران خان نے اس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
دوسری جانب حکومت ابھی تک مذاکراتی کمیٹی تشکیل نہیں دے سکی، عمران خان نے کل تک کی ڈیڈلائن دی ہوئی ہے کہ اگر اس روز تک ہمارے دو مطالبات پر کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو بیرون ملک پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کی جائے گی۔
عمران خان نے حکومت کے سامنے دو اہم مطالبات رکھے ہیں جن میں بے گناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی و 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینا ہے۔