شہباز شریف کا ٹیکس چوری پرشوگر ملز کیخلاف کارروائی کا حکم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوری اورکم ٹیکس دینےوالی شوگر ملوں کے خلاف سخت اوربلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کیلئےاقدامات پر اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر اقتصادی اموراحد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرا عظم نے محصولات کی وصولی کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کےنفاذ پرعملدرآمد کےحوالےسے سخت اقدامات کی ہدایت کرتےہوئےکہا کہ شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کےبعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی۔

شہباز شریف نےمزید کہا کہ ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو گا اور قیمتوں میں توازن قائم کرنےمیں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپورکوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کےاسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائےتاکہ چینی کی سپلائی متاثر نہ ہو۔

شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملز کیخلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلئےاٹھائے جانےوالےاقدامات سےقومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔

اعلامیےکےمطابق وزیراعظم نےایف بی آرویلیو چین کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنےکی ہدایت کی،انہوں نےٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی احکامات اور ٹیکس نہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Back to top button