سپورٹس بورڈ کا انڈر16والی بال ٹیم کیلئےنقدانعام کااعلان

پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایشین انڈر-16 والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر قومی ٹیم کو 82 لاکھ روپے کے کیش انعامات دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق انڈر-16 ٹیم کے ہر کھلاڑی کو تاریخی فتح پر 6 لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔
پی ایس بی کی کیش ایوارڈ پالیسی 2024 کے تحت براعظمی سطح پر ٹیم ایونٹس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو انفرادی انعام کا 30 فیصد حصہ دیا جاتا ہے۔
اسی پالیسی کے تحت 12 رکنی دستے کومجموعی طور پر 72 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ کوچنگ اسٹاف کے لیے ٹیم انعام کا 50 فیصد مختص کیا گیا ہے۔ اس حساب سے کوچ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق، چیمپئن شپ جیتنے پر ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مجموعی طور پر 82 لاکھ روپے آئندہ چند روز میں ادا کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایران کو 2-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اور پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کیش انعامات ان ہی کھلاڑیوں اور کوچز کو دیے جائیں گے جن کے نام ٹورنامنٹ کی آفیشل فہرست میں شامل ہوں گے، اور اس کے لیے ضروری دستاویزات مکمل ہونا لازمی ہے۔
واضح رہے کہ مختلف عمر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت، سپورٹس بورڈ کی پالیسی کا مستقل حصہ ہے۔
