سری لنکا سیلاب، پاکستان کی امدادی ٹیم کولمبو پہنچ گئی

پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی امدادی ٹیم سی 130 طیارے کے ذریعے سری لنکا پہنچ گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ ٹیم وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے روانہ کی گئی ہے۔

کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز اور سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹ نے ریسکیو ٹیم کا استقبال کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی ٹیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تمام اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔

ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح اس مشکل گھڑی میں بھی سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے 200 ٹن اضافی امدادی سامان بھی بحری راستے سے جلد سری لنکا روانہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کو بدترین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے باعث سیکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

Back to top button