سری لنکن صدر پاکستانی ٹیم کو انڈیا کیخلاف کھیلنے کی اجازت دینے پر شہباز شریف کے مشکور

سری لنکا کے صدر انورا کمارا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے انعقاد کی اجازت دینے پر وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد سری لنکن صدر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کے تعاون سے پاک بھارت میچ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کھیل کے تسلسل میں کردار ادا کرنے پر وزیرِ اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں، جسے دنیا بھر کے لوگ پسند کرتے ہیں۔

صدر انورا کمارا نے اپنے پیغام میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ کولمبو میں طے شدہ پاک بھارت میچ منصوبے کے مطابق منعقد ہوگا۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس دوران سری لنکن صدر نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے درخواست کی تھی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں سری لنکا نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ سرگرمیوں کو جاری رکھا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا جائے گا۔

Check Also
Close
Back to top button