سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کاحجم 21.89 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

سٹیٹ بینک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 10.5 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد کل ذخائر کی سطح 21 ارب 89 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک اور کمرشل بینکوں دونوں کے ذخائر میں اضافہ دیکھا گیا ہے، مرکزی بینک کے ذخائر ایک ہفتے میں 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 16 ارب 40 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔ نجی بینکوں کے ذخائر میں 8.70 کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کا حجم 5 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔

معاشی ماہر جبران احمد کے مطابق پاکستان کے بارے میں چند برس قبل یہ کہا جا رہا تھا کہ یہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے ہمارے ریزروز درآمدات کے لیے بھی ناکافی تھے، اب سیاسی و عسکری قیادت اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پروگرام کے تحت کیے جانے اصلاحات کی بدولت زرمبادلہ کے  ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں۔

Back to top button