ایران پر امریکی حملے کے قوی خدشات، خطہ ہائی الرٹ پر

مشرقِ وسطیٰ ایک مرتبہ پھر شدید کشیدگی کی زد میں آ گیا ہے، جہاں ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے مغربی فوجی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دستیاب شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایران کے خلاف جلد فوجی کارروائی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اچانک اور غیر متوقع اقدامات امریکی عسکری حکمتِ عملی کا اہم جزو ہوتے ہیں، اسی وجہ سے صورتحال کو دانستہ طور پر غیر واضح رکھا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں سفارتی سطح پر بھی غیر معمولی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے ایران میں تعینات اپنا تمام سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے جبکہ برطانوی سفیر کو بھی تہران سے وطن واپسی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کو ممکنہ فوجی کارروائی سے جوڑا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو مظاہرین کے خلاف تشدد اور سزائے موت کے واقعات پر پہلے ہی سنگین نتائج کی وارننگ دے چکے ہیں۔
