کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ شہر کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں، جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
مقامی رپورٹس کے مطابق مشرف کالونی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ سرجانی ٹاؤن، ملیر، ناگن چورنگی، بفرزون اور احسن آباد سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی بارش کا زور برقرار ہے۔
شہر کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ صدر اور اطراف میں ہلکی بارش جاری ہے، جبکہ گلستان جوہر، ڈالمیہ، اسکیم 33 اور پی ای سی ایچ ایس میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں نے کہا کہ بارش سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا ہے، لیکن تیز ہواؤں کی وجہ سے بعض مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک میں خلل بھی پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی اقدامات کریں، درختوں کے قریب کھڑے نہ ہوں اور پانی جمع ہونے والے علاقوں سے گزرنے سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارش کا سلسلہ شہر میں درجہ حرارت کو کم کرے گا اور گرمی کی شدت میں کمی لائے گا، تاہم تیز ہواؤں کے باعث مقامی سطح پر معمولی نقصان کے امکانات بھی موجود ہیں۔
شہری بارش سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور سڑکوں پر اکثر جگہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک میں سست روی دیکھی جا رہی ہے۔
