عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ

یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے تیل تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے. غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے تیل تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی سپلائی میں تعطل آنے کے حوالے سے انتباہ کیا تھا جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے.
گھی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے حملے کو تیل کی عالمی سطح پر ترسیل کے لیے خطرہ قرار دیا تھا. بتایا گیا ہے کہ سعودیہ کی جانب سے انتباہ کے بعد پیر کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا. بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 6.1 فیصد اضافے کے بعد 114.55 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 5.5 فیصد اضافے کے ساتھ 110.48 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یوکرین پر روسی حملے کے بعد پہلے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نئی بلندی پر پہنچ چکی ہیں جبکہ حوثی باغیوں کے حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان مزید تیز ہونے کا خدشہ ہے.
