شوگر ملز کیس:مریم نواز اور نواز شریف کیخلاف انکوائری بند کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم ن کے قائد نواز شریف کے خلاف چوہدری شوگر ملز انکوائری کے کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے نیب کی درخواست پر سماعت کی ، دوران سماعت عدالت میں مریم نواز اور نواز شریف کے وکیل جاوید ارشد بھٹی نے اپنے دلائل مکمل کیے۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز اور نواز شریف کے خلاف تحقیقات بند کر دی گئی ہیں اور اب عدالت سے درخواست ہے کہ وہ انکوائری کو حتمی طور پر ختم کرنے کی منظوری دے۔ 

نیب نے موقف اختیار کیا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی قسم کے ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے، اور چونکہ کرپشن یا منی لانڈرنگ کے واضح ثبوت نہیں ملے، اس لیے مقدمہ بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

جج رانا محمد عارف نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ، جس کا حتمی فیصلہ بعد میں سنایا جائےگا۔

Back to top button