سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کا آئینی عدالت کی تشکیل کی حمایت کا اعلان

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اس اقدام کو آئینی ضرورت قرار دیا ہے۔
سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کے مشترکہ اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ بعض سیاسی حلقے قانونی برادری میں تقسیم پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ایسے بیانات جاری کرتےہیں جو جمہوری عمل کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔اعلامیے میں غیرمنتخب افراد کے متنازع بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار، قومی نوعیت کے مسائل پر ادارہ جاتی سطح پر بیانات جاری کرنے کےمجاز ہیں، جب کہ چند افراد یا چھوٹے گروہوں کے مؤقف کو پوری قانونی برادری کی آواز نہ سمجھا جائے۔ ترمیم کے تحت صوبوں کی یکساں نمائندگی اور اہم آئینی و سیاسی امور کی سماعت ممکن ہوسکے گی۔
صدر کو حاصل استثنیٰ ان کے عہدہ صدارت تک محدود ہے : راجا پرویز اشرف
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ میں عوامی مفاد کے مقدمات کو بروقت نمٹایا جاسکے گا۔ ججز کی تعیناتی سمیت عدالتی امور پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے، اور ضرورت پڑنے پر جنرل ہاؤس کے فیصلوں اور قراردادوں کے ذریعے اپنے تحفظات سامنے لائے جائیں گے۔
اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ بار کونسلز عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور آئین کی پاسداری کےلیے ہمیشہ متحد رہی ہیں اور رہیں گی۔
