سپریم کورٹ:آئینی بینچز 14 نومبر سے سماعت کا آغاز کریں گے

سپریم کورٹ میں آئینی بینچزکی کمیٹی نےآئینی بینچ کےسامنے مقدمات مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آئینی بینچز14نومبر سے سماعت کاآغاز کریں گے۔

سپریم کورٹ میں آئینی بینچز کی کمیٹی کااجلاس ہوا،ذرائع کےمطابق جسٹس محمد علی مظہ نےٹیلی فون پراجلاس میں شرکت کی۔

آئینی بینچ کے سامنے مقدمات مقرر کرنےکافیصلہ

اجلاس میں آئینی بینچ کے سامنے مقدمات مقرر کرنےکافیصلہ کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بینچز14نومبر سےسماعت کاآغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آئینی بینچز کمیٹی کااجلاس ہواتھا جس میں آئینی مقدمات بشمول بنیادی حقوق کے مقدمات کےحوالے سے بریفنگ دی گئی تھی اور آئینی مقدمات کےحوالےسےموجودہ طریقہ کار اور مستقبل کامجوزہ لائحہ عمل بھی پیش کیا گیا تھا۔

اجلاس میں 191 (اے) کے تحت مقدمات کی کلر کوڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ سینئر ریسرچ افسر مظہر علی خان کو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات کی اسکروٹنی کا کام سونپا گیا تھا۔

گزشتہ روزاجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئینی مقدمات کی سماعت کے لیے تقرری، آئینی بینچزکی تشکیل اور روسٹرکااجرا آئینی بینچزکےسربراہ اور2 سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی کرے گی۔

اس سے قبل5 نومبر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کےاجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں7 رکنی آئینی بینچ قائم کیا گیا تھا۔

26ویں ترمیم کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں آئینی بینچز میں ججز کی نامزدگی پرغور کیا گیا۔

جسٹس امین الدین کی تقرری کی حمایت میں12 رکنی کمیشن کے7 ارکان نے ووٹ دیا تھا جبکہ 5ارکان نےمخالفت کی تھی۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ چیف جسٹس نے آئینی بینچ کے لیے مخصوص مدت کے تعین کا مشورہ دیا تھا، اجلاس کے دوران آئینی بینچ کی تشکیل کے معاملے پر ووٹنگ کرائی گئی، کمیشن کے 12 میں سے 7 ارکان نے 7 رکنی آئینی بینچ کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

Back to top button