افغان سرحد پر آپریشن کی معطلی عارضی ہے: طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کہنا ہے کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق کو عیدالفطر کے تقدس کے پیش نظر عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مساجد، امام بارگاہیں، بازار اور معصوم بچے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے باعث غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کےلیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہےلیکن اب سب سے پہلے اپنے ملک کا تحفظ ضروری ہے۔
سینیٹر طلال چوہدری نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق صرف عید کے احترام میں روکا گیا ہے، یہ مستقل طور پر اسی وقت ختم ہوگا جب افغانستان وہ تمام شرائط پوری کرے گا جو عالمی برادری بھی چاہتی ہے۔افغانستان نے دوحہ معاہدہ میں وعدہ کیاتھا کہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کےخلاف استعمال نہیں ہونےدی جائے گی،اس وعدے کو پورا کرنا اب اس کی ذمہ داری ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی،سیاسی اور ملٹری ٹو ملٹری سطح پر طویل مذاکرات ہوتےرہے،جس کے بعد پاکستان نے وہ اقدام اٹھایا جس سے اب تک گریز کیا جارہا تھا۔
آپریشن غضب للحق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کےلیے ہے :رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔وہاں 40 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جب کہ ہماری تیل کی بڑی ترسیل بھی اسی خطے سے آتی ہے۔
