صوابی،pti کےاحتجاج کاچوتھا روز،موٹروے بند،گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے بانی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے مطالبے پر صوابی انٹرچینج پر احتجاج چوتھے روز بھی جاری ہے جس کے باعث پشاور اسلام آباد موٹروے ریسٹ ایریا کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہے۔
مظاہرین نے انٹرچینج پر دھرنا دے رکھا ہے جس کے نتیجے میں موٹروے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
موٹروے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کئی کلومیٹر تک پھیل چکی ہے جبکہ خواتین،بچوں اور بزرگ مسافروں کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔
موٹروے کی بندش کے باعث صوابی شہر، ٹوپی اور غازی روڈ پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
متبادل راستوں پر غیر معمولی رش کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور سفری دورانیہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صورتحال پر قابو پانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کےلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم تاحال موٹروے کھولنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
