سوات : تجاوزات کے خلاف آپریشن، 162 کنال زمین واگزار، درجنوں عمارتیں گرا دی گئیں

سانحہ سوات کے بعد مالاکنڈ ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی کی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں وسیع پیمانے پر غیر قانونی قبضوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن کے چھ اضلاع میں مجموعی طور پر 501 کنال اراضی پر تجاوزات کی نشاندہی کی گئی، جبکہ صرف سوات میں 203 کنال زمین غیر قانونی قبضے میں پائی گئی۔

آپریشن کے دوران سوات میں ایک عمارت کو سیل کیا گیا، اور 20 کنال سے زائد رقبے پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سوات میں 78 کنال زمین سے تجاوزات ختم کی گئیں، جبکہ 8 کلومیٹر طویل رقبے کی حد بندی بھی مکمل کر لی گئی۔

دیگر اضلاع کی صورتحال کچھ یوں ہے:

اپر دیر: 10 عمارتیں سیل ، ضلع مالاکنڈ: 4 عمارتیں سیل ، لوئر دیر: 22 عمارتیں سیل ، بونیر: 9 عمارتیں سیل ، باجوڑ: 15 عمارتیں سیل کر دی گئیں ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق اب تک 75 کنال سے زائد رقبے پر قائم عمارتیں گرا دی گئی ہیں، جب کہ پورے ڈویژن میں 162 کنال زمین تجاوزات سے صاف کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، 115 کلومیٹر علاقے کی حد بندی مکمل ہو چکی ہے اور 54 مقامات پر باڑ بھی لگا دی گئی ہے۔

سندھ میں کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر، نوٹیفکیشن جاری

 

اس حوالے سے کمشنر مالاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت ہے کہ کسی کو رعایت نہ دی جائے اور قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے۔

Back to top button