سڈنی واقعہ: حملہ آور کے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن جانے کا انکشاف

بونڈی بیچ حملے میں ملوث ملزم ساجد اکرم کے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق فلپائن کی امیگریشن اتھارٹیز نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کے بونڈی بیچ حملے میں ملوث ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا، جبکہ حملہ آور کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم آسٹریلوی شہری کی حیثیت سے فلپائن گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ساجد اکرم اور نوید اکرم یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے، جہاں ان کی آخری منزل جنوبی صوبہ ڈاواؤ درج تھی۔ دونوں 28 نومبر کو فلپائن سے روانہ ہوئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی پولیس حملہ آوروں کے فلپائن کے سفر کے مقاصد جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔ بعد ازاں پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
سڈنی واقعے کے بعد بھارت اور اسرائیل کی جانب سے پاکستان کو اس واقعے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ گمراہ کن پروپیگنڈا ناکام رہا۔
دوسری جانب، نوید اکرم کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے میڈیا کو بتایا کہ نوید کے والد ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے جبکہ ان کی والدہ کا تعلق اٹلی سے ہے۔
