شام کے متحارب گروپوں نے جھڑپیں روکنے پر اتفاق کر لیا : امریکی وزیر خارجہ

امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ شام میں لڑنے والے مختلف متحارب گروپوں نے جھڑپیں ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ شام میں لڑنے والے مختلف گروپوں سے رابطہ کیا گیا ہے،ہم نے متحارب گروپوں سے مخصوص اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجےمیں آج رات شام میں جاری انسانی المیہ اور کشیدگی میں واضح کمی آئےگی،تمام گروپوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتےہوئے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
اس پیش رفت کےبعد شام کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہےکہ اس کی فوج نے شہر سویدا سے انخلا کا عمل شروع کردیا ہے۔یہ فیصلہ اسرائیل کے دمشق پر متعدد فضائی حملوں اور امریکا کی جانب سے فوجی انخلا کےمطالبے کے بعد سامنے آیا۔
یاد رہے کہ بدھ کو اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق پر شدید فضائی حملوں میں شامی وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔اسرائیل کی جانب سے دمشق میں صدارتی محل کے قریب بھی فضائی حملے کیےگئے تھے۔ اسرائیل نے مطالبہ کیا تھاکہ دروز قبائل پر حملہ آور شامی فوج فوری طور پر سویدا سے نکل جائے ۔
