امریکہ سے شکست کے بعد کرکٹ ٹیم سے بھی بلا واپس لینے کامطالبہ
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی امریکہ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ امریکہ کی نو آموز ٹیم کے ہاتھوں پاکستانی تجربہ کار ٹیم کی شکست پر شائقین کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کپتان بابر اعظم، اعظم خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔ کسی نے کہا کہ ہاکستانی ٹیم کو ہارنے کی عادت ہو گئی ہے تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ یہ صرف گھومنے پھرنے آئے ہیں کھیلنے نہیں۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایکس پر ایک ویڈیو میں کہا کہ ’ہم نے 1999 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش سے ہارنے والی تاریخ دہرائی ہے۔ بدقستمی سے پاکستان اس جیت کا حقدار نہیں تھا۔ عامر اور شاہین نے کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ہم نہیں جیت سکے۔‘
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’اس سے پہلے کے اگلا میچ ہو چیف جسٹس صاحب سے گزارش ہے اس ٹیم سے بلا چھین لیں‘،
سابق وزیر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینئر صحافی نجم سیٹھی نے لکھا ’ایک اور امریکی سازش کامیاب‘
پنجاب کابینہ کااجلاس 13جون کو طلب
ایک انٹرنیٹ صارف آکاش وانی نے ایکس پر طنز کرتے ہوئے آرمی کیمپ کاکول میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’ لڑکوں نے امریکا سے میچ ہارنے کے لیے آرمی کیمپ میں سخت محنت کی’
ایک شہری نے لکھا کہ ٹیسٹ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم کا شاندار آغاز
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں انور مقصود نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مجبوری میں میچ ہارا کیوں کہ ابھی آئی ایم ایف سے قرضہ ملنا ہے۔ہوسکتا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے میچ میں شکست کی بھی شرط رکھی گئی ہو کہ پہلے امریکا سے میچ ہارو پھر پیسے دیں گے ورنہ پاکستان کے ہارنے کی کوئی اور وجہ سمجھ نہیں آتی۔
احتشام الحق نے ایک خاتون کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتی ہیں کہ ہماری بیٹنگ اور فیلڈنگ زیرو ہے نہ ہی پاکستانی ٹیم کیچ پکڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ کر کے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا لیکن آپ کھیلتے ہی نہیں ہیں۔ اگر ایسے ہی کھیلنا تھا تو میدان میں ہی نہ آتے۔
ایک صارف کو ایسے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سائفر کی یاد ستانے لگی، صارف نے عمران خان کی جگہ بابر اعظم کی ہاتھ میں سائفر پکڑے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ امریکا سے دھمکی والا خط آیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے پاکستانی ٹیم کی کاکول ٹریننگ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ میرا خیال ہے امریکہ والوں کو پتہ نہیں تھا ہم لمبر ون ٹریننگ کر کے آئے ہیں ورنہ کچھ تو خیال کرتے۔
پاکستان کی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ایک صارف نے ایکس پر لکھا،”پاکستان امریکہ کے قرض کو واپس لوٹانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔”کسی کو توقع نہیں تھی کہ پاکستان امریکہ کی نو آموز ٹیم سے ہار جائے گا۔ اس گروپ میں دیگر ٹیمیں کینیڈا اور آئرلینڈ کی ہیں۔ لیکن امریکہ سے شکست نے پاکستان کے لیے صورت حال پیچیدہ بنادیا ہے کیونکہ گروپ سے صرف دو ٹیمیں ہی سپر آٹھ اسٹیج میں جاسکتی ہیں۔