بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار صالح بھوتانی نے استعفیٰ دے دیا

بلوچستان میں صوبائی وزیر سردار صالح بھوتانی نے استعفٰی دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سردارصالح بھوتانی نے اپنا استعفیٰ گورنربلوچستان کوپیش کیا۔ گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے صالح بھوتانی کا استعفیٰ منظور بھی کر لیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق 2 مئی کو سردار صالح بھوتانی سے صوبائی وزیربلدیات کا قلمدان بھی واپس لے لیا گیا تھا۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے قلمدان واپس لیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ قلمدان واپس لیے جانے کے نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیات کا محکمہ اب وزیراعلیٰ بلوچستان کے پاس رہےگا۔ اس حوالے سے سردارصالح بھوتانی نے کہا تھا کہ محکمہ بلدیات کا قلمدان لینے سے پہلے مشاورت یا اعتماد میں نہیں لیا گیا۔واضح رہے کہ سردار صالح بھوتانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان اختلافات تھے۔انہوں نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جام کمال کے ساتھ اختلاف رکھنے والے وزرا جلد مستعفی ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے بندش کے حوالے سے ہم نے کافی انتظار کیا شاید باہمی مفاہمت کے ساتھ حل ہوجائے۔ مجھ سمیت دیگر کچھ وزرا جو وزیر اعلی کو پسند نہیں ان کےفنڈز کا مسئلہ ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان حکومت کے ناراض ارکان اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو اور ناراض وزراء نے آئندہ چند دنوں میں مستعفی ہونے کی مشاورت بھی مکمل کرلی تھی جبکہ حتمی فیصلہ کوئٹہ میں نشست میں کیا جانا تھا۔ ناراض ارکان نے بجٹ کا حصہ نہ بننے پر بھی اتفاق کیا تھا، بلوچستان حکومت کے ناراض ارکان کے قریبی ذرائع کے مطابق ناراض ارکان اور وزیراعلیٰ کے ددرمیان خلیج اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب تعلقات بہتر ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

Back to top button