ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع، بنگلادیش نے IPL کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی لگا دی

بنگلادیش نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کے اعلان کے اگلے ہی روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ریلیز کر دیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلایا اور حکومت کو تجویز دی کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجا جائے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی سفارش پر مشیر کھیل نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے بنگلادیش کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔

بعد ازاں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق آئی سی سی کو باضابطہ درخواست دی کہ بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

تازہ ترین پیش رفت میں بنگلادیش کی حکومت نے انڈین پریمیئر لیگ کی ملک بھر میں ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق آئی پی ایل پر یہ پابندی غیر معینہ مدت کے لیے نافذ کی گئی ہے۔

Back to top button