ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلادیش کے بھارت نہ جانے پر ڈیڈ لاک برقرار

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے اور میگا ایونٹ میں بنگلادیش کی شرکت سے متعلق صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

میچز کے وینیو سے متعلق آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو کانفرنس کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، جس کے بعد بنگلادیش نے ایک بار پھر اپنے میچز بھارت سے منتقل کرنے کے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا۔

آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی طے کیا جا چکا ہے، تاہم بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے ممکنہ حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

بی سی بی کے مطابق بورڈ کے مؤقف اور فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جبکہ آئی سی سی نے بنگلادیش سے اپنے مؤقف پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔

بی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور اسٹاف کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کے ساتھ تعمیری رابطے اور مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ کے بعد بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اسی تناظر میں ملنے والی دھمکیوں کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ بی سی بی تاحال آئی سی سی کے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔

Back to top button