ٹی 20 ورلڈکپ، حارث رؤف 15رکنی سکواڈ سے باہر

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے فاسٹ بولر حارث رؤف کو پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ایشیا کپ کے فائنل کے بعد سے حارث رؤف کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں، جس کے باعث ان کا نام ممکنہ ورلڈ کپ سکواڈ سے خارج کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ حارث رؤف کی حالیہ فارم اور ٹیم کمبی نیشن پر مطمئن نہیں تھی۔ ایشیا کپ کے بعد سے حارث رؤف نے پاکستان کی جانب سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی نہیں کھیلا، جس نے ان کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت کے امکانات کو مزید کم کر دیا۔
اس وقت حارث رؤف آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں شرکت کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنی فرنچائز کی نمائندگی میں مصروف ہیں۔ تاہم قومی ٹیم کے سلیکشن پینل اور کوچنگ اسٹاف کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کے لیے حالیہ بین الاقوامی کارکردگی اور ٹیم کے ساتھ مسلسل وابستگی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی سکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے، جبکہ حارث رؤف کی عدم شمولیت کو ایک اہم اور حیران کن فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کرکٹ حلقوں میں اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، تاہم ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور ورلڈ کپ میں بہتر نتائج کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
