بنگلادیش کو الٹی میٹم دینے کی خبریں بے بنیاد، بی سی بی کا ICC سے رابطے پر اعلامیہ جاری

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ذرائع کے مطابق بورڈ کو گزشتہ رات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آئی سی سی کی جوابی ای میل تھی، جو بی سی بی نے اتوار کے روز سکیورٹی خدشات کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے اور میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے ارسال کی تھی۔
بی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے اپنی ای میل میں بنگلا دیش سے ٹورنامنٹ کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کی نوعیت اور تفصیلات طلب کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ آج آئی سی سی کو اس معاملے پر تفصیلی جواب دے گا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق نہ تو آئی سی سی حکام سے کسی ورچوئل کال پر رابطہ ہوا ہے اور نہ ہی بی سی بی کو بھارت نہ آنے کی صورت میں پوائنٹس کٹنے سے متعلق کوئی اطلاع دی گئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی بنگلا دیش کی درخواست مسترد کر دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ بھارت نہ آنے کی صورت میں بنگلا دیش کو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ رابطے سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بی سی بی کو جواب موصول ہوا ہے، جس میں بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق بنگلادیش کے تحفظات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
بی سی بی کا کہنا ہے کہ اس نے بنگلادیش کے میچز منتقل کرنے کی بھی درخواست کی تھی، جس پر آئی سی سی نے اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ بنگلادیش ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کو بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے بی سی بی کے ساتھ تحفظات کے حوالے سے مل کر کام کرنے اور بورڈ کے تحفظات کو زیرِ غور لانے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ میڈیا میں بورڈ کو الٹی میٹم دیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ غلط رپورٹنگ ہے، آئی سی سی کی کمیونیکیشن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی اور متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ تعمیری انداز میں رابطے جاری رکھے گا۔
