ٹی20ورلڈکپ: بھارت نے زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں بھارت نے زمبابوے کو 72 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر اہم جیت حاصل کرلی۔

زمبابوے کی ٹیم  بھارت کے 257 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹ پر 184 رنز بناسکی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارتی بیٹرز نے زمبابوے کے بولرز کا بھرکس نکالا، چوکے چھکوں کی برسات کرتے ہوئےرواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور تاریخ کا دوسرا بڑا سکور بنا ڈالا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں پر 256 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔بھارتی بیٹرز نے اننگز میں مجموعی طور پر17 چھکے مارے۔

بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 24، ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 رنز بنائے۔اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے زمبابوین بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ پانڈیا 23 گیندوں پر 53 اور تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کے 256 رنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007 میں سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔

اس کے علاوہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف ہی 254 رنز اسکور کیے تھے۔یہ بھارت کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔

بھارت کے 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 184 بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے  اوپنر برائن بینیٹ نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ چنئی کپتان سکندر رضا نے 31 رنز  بنائے۔

بھارت کی طرف سے ارشدیب سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ سپر 8 کے گروپ 1 سے جنوبی افریقا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اس گروپ سےدوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ اتوار کو ویسٹ انڈیز اور بھارت کے میچ کے بعد ہوگا۔ جو ٹیم وہ میچ جیتے گی وہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ زمبابوے نے سپر 8 مرحلے کا اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہے۔

 

Back to top button