ٹی20ورلڈکپ،پاکستان نے آئی سی سی کے 174ملین ڈالربچالئے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے اندازے کے مطابق نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر اسپانسر شپ کی مد میں لگایا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے میچ کھیلنے کی رضامندی کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ائیر ٹکٹ میں اضافہ دیکھا گیا۔ٹکٹ کی قیمت میں ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل شائقین کی جانب سے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرنے کے لیے رابطے کیے گئے جب کہ کئی شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
