T20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست دیدی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سنسنی خیز گروپ میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست دے کر یادگار فتح اپنے نام کر لی۔
پہلے سپر اوور میں افغانستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکی اور مقابلہ برابر رہا۔
دوسرے سپر اوور میں پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 23 رنز جوڑ دیے۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 19 رنز تک محدود رہی، یوں جنوبی افریقا نے 4 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
PSL میں نئی تاریخ رقم، کھلاڑیوں کی مہنگے داموں نیلامی
اس سے قبل احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، مگر 12 رنز پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور ایک ہی اوور میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 23 اور ڈیوڈ ملر نے 20 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 3 اور راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے انڈیا کیخلاف میچ کھیلے بغیر ہی کیسے جیت لیا؟
جواب میں افغانستان کی اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا۔ ایک مرحلے پر افغان ٹیم مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی، لیکن 13 گیندوں کے دوران 5 وکٹیں گرنے سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 187 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
رحمان اللہ گرباز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 87 رنز بنائے، جس میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے 22 اور راشد خان نے 20 رنز کا اضافہ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی تھی، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے ہرایا تھا۔
