ٹی 20 ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ  نےویسٹ انڈیز کوشکست دیدی

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کرلی۔

کامیابی کے بعد گروپ کی صورتحال مزید دلچسپ ہوگئی ہے اور بھارت کے لیے بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

احمد آباد میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

2مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔ جیسن ہولڈر 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ روماریو شیفرڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو رباڈا اور کوربن بوش نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

177رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور کی پہلی گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

کپتان ایڈن مارکرم 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 47 رنز بنائے جبکہ ریان ریکلٹن 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے اپنے پہلے میچ میں زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے بھارت کو 76 رنز سے ہرایا تھا۔

گروپ کی موجودہ صورتحال کے مطابق ویسٹ انڈیز 2 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ بھی 2 پوائنٹس رکھتا ہے تاہم کم نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

Back to top button