طلال چوہدری کی ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر دی ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب کے وسائل دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں کم ہیں، اس لیے نئے صوبوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبے ضرور بننے چاہئیں کیونکہ اس سے گورننس میں بہتری آئے گی۔ جہاں گورننس کے مسائل ہیں، وہاں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ کسانوں کو اپنی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی، تاہم پنجاب ملک کا سب سے محفوظ صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں انسانوں کے لیے اتنی سہولتیں موجود نہیں جتنی پنجاب میں جانوروں کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ جو لوگ تنقید کرنا چاہتے ہیں وہ کرتے رہیں، ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔

Back to top button