سینئر اداکار طلعت حسین دار فانی سے کوچ کر گئے

ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار طلعت حسین کراچی میں انتقال کر گئے۔
سینئر اداکار طلعت حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، طلعت حسین کے سوگواروں میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ26 جنوری کو اداکار طلعت حسین زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کے باعث شدید علیل ہوگئے اور اہل خانہ نے بتایا تھا کہ ان کی ذہنی حالت بھی انتہائی بگڑ چکی ہے جبکہ 30 جنوری کو اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ ثنا قریشی نے تصدیق کی تھی کہ سینئر اداکار طلعت حسین ڈیمینشیا کا شکار ہیں۔
طلعت حسین 1940میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے، طلعت حسین کی عمر 80 سال سے زائد تھی اور انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی ہے، یعنی انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دی۔
آرمی چیف کا ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے رابطہ،ہیلی کاپٹرحادثے پراظہار افسوس
طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن انہیں 1970 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔اداکاری میں قدم رکھنے کے چند سال بعد ہی طلعت حسین اداکاری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے اور وہاں بھی انہوں نے اسٹیج و تھیٹر پر کام کرنے سمیت نشریاتی اداروں کے ساتھ بھی کام کیا۔لندن سے واپسی کے بعد انہوں نے ایک بار پھر اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے گزشتہ 5 دہائیوں میں پی ٹی وی کے درجنوں ڈراموں میں شاندار کردار ادا کیے۔طلعت حسین نے کچھ فلموں میں بھی کام کیا جبکہ انہوں نے اسٹیج تھیٹرز میں بھی جوہر دکھائے اور کئی منصوبوں میں وائس اوور بھی کی، طلعت حسین کےمقبول ڈراموں میں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔طلعت حسین طویل العمری سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث کچھ سالوں سے اسکرین سے دورہوگئے تھے ۔
