طالبان ظالم گروہ، ان کیخلاف اٹھایا جانیوالا ہر قدم قابلِ ستائش ہے، فضل احمد مناوی

افغانستان میں طالبان کے خلاف سرگرم مزاحمتی تنظیم نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے سینیئر رہنما اور سابق افغان وزیرِ انصاف فضل احمد مناوی نے طالبان حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان ایک ظالم گروہ ہیں اور ان کے خلاف اٹھایا جانے والا ہر قدم قابلِ ستائش ہے۔۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل احمد مناوی نے کہا کہ ظلم کا خاتمہ ایک بڑی نعمت ہے اور جو بھی اقدام افغان عوام کے مفاد میں ہو، وہ اس کا خیرمقدم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان ایک ظالم گروہ ہیں اور ان کے خلاف اٹھایا جانے والا ہر قدم قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے گزشتہ شب افغانستان میں مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق ننگرہار، پکتیکا اور خوست کے علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، جن میں بڑی تعداد پاکستانی شہریوں کی تھی۔
