پی ٹی آئی سےمذاکرات اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ رکھ کر ہوں گے،رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان  تحریک انصاف سے مذاکرات اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ رکھ کر ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر راناثنااللہ کا نجی ٹی وی سے گفتگومیں کہنا تھا کہ ہم تحریک انصاف سے مذاکرات کریں گے وہ نوازشریف کی اجازت سے مشروط ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسپیکرکے ساتھ ہماری میٹنگ ہوئی ہے، مذاکرات کا آغاز اتوار تک ہوسکتا ہے، حکومت پی ٹی آئی سے جو بات کرے گی وہ اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ رکھ کر کرے گی۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی جلدی ہے تویہ اپنا شوق پورا کرلیں، وزیراعظم نے واضح طورپر ایوان میں کہا تھا کہ وہ ہر معاملے پر بات کرنے کیلئےتیار ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ اتوار تک تو ان کے مطالبات کے حوالے سے کچھ نہیں ہوسکتا، سول نافرمانی کی تحریک سے ان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کی سول نافرمانی تحریک ناکام ہوگی۔

راناثنااللہ کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے خود کواور ملک کو نقصان پہنچایا ہے، اوور سیز پاکستانی حکومت کو نہیں اپنے پیاروں کو پیسے بھیجتے ہیں، پی ٹی آئی معاملات کو سمجھنے سے عاری ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی پیش کش نہیں کی گئی تھی، سیاسی معاملات کو ڈائیلاگ کےذریعے ہی حل کیا جاتا ہے۔

Back to top button