ترین اور علیم خان گروپ پھر متحرک، کل اجلاس طلب
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد حکومتی شخصیات ترین اور علیم گروپ کو عثمان بزدار کے خلاف ووٹ نہ دینے پر راضی کرنے کیلئے متحرک ہو گئی ہیں۔ جبکہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ بھی ایک بار پھر متحرک نظر آرہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے فوراً بعد ہی ترین گروپ نے کل اپنا اجلاس لاہور میں طلب کرلیا ہے،گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کل 3 بجے جہانگیرترین کی رہائش گاہ پرہوگا، جس میں عدم اعتماد کی تحریک پرلائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، گروپ مشاورت کے بعد آئندہ حکمت عملی کااعلان کرے گا۔
عون چوہدری نے جہانگیرترین سے ٹیلفونک رابطہ کرکے عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے سے آگاہ کیا۔ اور اس حوالے سے اتفاق ہوا ہے کہ ترین گروپ 48 گھنٹے میں حتمی پالیسی سامنے لائے گا۔ تاہم مانئس عثمان بزدار کے مطالبے پر قائم رہیں گے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ساتھیوں سے مشاورت سے حتمی پالیسی مرتب کی جائے۔