ترین گروپ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کا مطالبہ

جہانگیر ترین گروپ نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کی حکومتی شخصیات سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ ئی ہے جس سے پتا چلا ہے کہ ترین گروپ کے اراکین مائنس عثمان بزدار کی شرط پر اب بھی قائم ہیں.

بتایا گیا ہے کہ وزیرِ تعلیم پنجاب مراد راس کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے مذاکرات کیے جس میں ترین گروپ کے 17 اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا. ترین گروپ نے مشترکہ طور پر کہا کہ پارٹی چھوڑنے کے حق میں نہیں لیکن اس کے لیے عثمان بزدار کو تبدیل کرنا ہوگا. اس کے علاوہ ترین گروپ کی جانب سے کچھ شکوے شکایتیں بھی ہوتی رہیں جن میں حلقوں کے جوں کے توں مسائل، بیوروکریسی کا عدم تعاون جیسے مسائل شامل تھے.

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے ترین گروپ کے مطالبات اور مسائل سے وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کی جانب سے آج شام دوبارہ جہانگیر ترین گروپ سے ٹیلی فونک رابطے کا امکان ہے.

Back to top button