پاکستان کیخلاف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو مٹا دیا جائےگا،طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو مٹا دیا جائے گا اور ملک کے چپے چپے کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے افغانستان میں شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی کارروائی کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی قومی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق کی گئی۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے خلاف میلی آنکھ اٹھانے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بنوں میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل گلفراز اور سپاہی کرامت شہید ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق اس حملے کے روابط بھی دیگر واقعات کی طرح سرحد پار افغانستان سے جوڑے جا رہے ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے بیان میں کہا گیا تھا کہ حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود شدت پسند قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والی کارروائیوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیموں نے قبول کی۔

سرکاری مؤقف کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر رات گئے کی گئی فضائی کارروائی میں متعدد شدت پسند مارے گئے اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے بیان کے اختتام پر “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ بھی درج کیا اور دعویٰ کیا کہ افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے مراکز کو کامیابی سے ہدف بنایا گیا۔

Back to top button