ٹیکس نظام کی اصلاحات کا مقصد برآمدات میں اضافہ کرنا ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ٹیرف میں کمی اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
ہفتے کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی ٹیکس نظام میں اصلاحات کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ایف بی آر کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات درست ثابت ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی اعدادوشمار حکومتی اصلاحات کو درست ثابت کررہے ہیں،ٹیرف میں کمی اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ تازہ ترین معاشی اعدادوشمار حکومتی معاشی اصلاحات کی کامیابی کو ظاہر کررہے ہیں اور معاشی ترقی کی رفتار ہر روز بہتر ہو رہی ہے، جس کے اثرات کاروباری برادری اور عوام کے سامنے واضح ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ رواں سال کی گئی ٹیرف اصلاحات سے نہ صرف ریونیو وصولی متاثر نہیں ہوئی بلکہ درآمدات پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی وصولی میں 25 فی صد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ صرف 3.6 فی صد زیادہ قابل ڈیوٹی مصنوعات کی مقدار کے باوجود سامنے آیا، جس سے یہ خدشہ غلط ثابت ہوا کہ ٹیرف میں کمی سے ریونیو کم ہوگا۔
مزید بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری امپورٹس میں 41.5 فی صد اضافہ ہوا ہے، جس کا مطلب ہے کہ زیادہ تر درآمدات خام مال اور انٹرمیڈیٹ اشیاء کی ہیں، جو ملک کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں بہتری کی علامت ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کسٹم اصلاحات کے نتائج میں ایف بی آر کو جدید، شفاف اور مؤثر ادارہ بنانے کی حکومتی حکمت عملی کے اثرات بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ٹیکس چوری روکنے اور تمباکو، ٹائلز اور دیگر بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی کے نظام میں موجود خامیوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے انتظامی اور اداراجاتی اقدامات کی ہدایت بھی دی۔
