جعلی مکھیوں سے اصلی مکھیاں بلانے والا چالاک پھول

اس پھول کا نام ’گورٹیریا ڈیفیوزا‘ ہے جو اپنی ظاہری ساخت سے مکھیوں کو اس طرح دھوکہ دیتا ہے کہ وہ اس پر منڈلالنے لگتی ہیں۔ کئی عشروں کی تحقیق کے بعد معملوم ہوا ہے کہ وہ خاص جین کی بدولت پتیوں پرایسے ڈیزائن بناتا ہے کہ دور سے دیکھنے پر ان پر حقیقی خدوخال والی مکھی کا گمان ہوتا ہے۔
نودریافت شدہ جین کے تین سیٹ اگرچہ پھول کے دیگر کام بھی کرتے ہیں لیکن یہ گلِ داؤدی کی پٹیوں پر جعلی مکھیوں کی اشکال بھی بناتے ہیں۔ ویسے یہ جین پتیوں کی تشکیل اور پودے کی جڑوں سے فولاد کی فراہمی بھی ممکن بناتے ہیں۔
فولاد کی فراہمی سے پتیوں کا رنگ بھی بدلتا ہے اور جعلی مکھی کے خدوخال بنتےہیں پھر مزید فولاد سے مکھی کے منہ کے کنارے پر ایسے نقوش بنتے ہیں جو دیکھنے میں شہد کی مکھیوں کے بال معلوم ہوتےہیں۔
یہ تحقیق جامعہ کیمبرج کے پروفیسر بیورلے گلوور اور ان کےساتھیوں نے کی ہے۔ ان کے مطابق اس چالاکی سے پھول مکھیوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں جو زردانوں کو دور تک لے جاتے ہیں اور اس کی افزائش (پولی نیشن) بڑھتی ہے۔
