تحریک انصاف نے آئی ایم ایف مشن کوخط بھیج دیا

پاکستان تحریک انصاف نے عالمی مالیاتی فنڈمشن کوڈوزیئر اورخط بھیج دیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وتحریک انصاف کےرہنما عمر ایوب نے تصدیق کی کہ اسلام آباد میں آئی ایم ایف مشن کوڈوزیئراورخط بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈوزیئرچیف جسٹس کوبھی بھجوایا گیا اور ڈوزیئر میں عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق شواہدموجود ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کوالیکشن2024 سے متعلق غیر سرکاری تنظیم پتن کی رپورٹ بھی بھجوائی گئی ہے، ڈوزیئرمیں انتخابی دھاندلی سےمتعلق تفصیلات منسلک کی گئی ہیں، چیف جسٹس کوبھجوائے گئےخط اورتفصیلات کو بھی آئی ایم ایف وفد کو بھجوایا گیا ہے۔
عمر ایوب کے آئی ایم ایف کو خط میں کہا گیاہے کہ دھاندلی سے متعلق شواہد پر مشتمل ڈوزیئرچیف جسٹس پاکستان کوبھی بھیجا جاچکا ہے، ڈوزیئرمیں عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق شواہد موجودہیں۔
خط کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے7جولائی2023 کو آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے قانون کی بالادستی کیلئے شفاف انتخابات کے انعقاد پر زور دیا تھا۔
عمرایوب کا خط میں کہنا ہےکہ ڈوزیئرمیں شواہد ہیں کہ کسطرح پی ٹی آئی کو دبایا جارہا ہے، ڈوزیئرمیں حقائق اورشواہدموجودہیں کہ کس طرح پی ٹی آئی سےمینڈیٹ چھینا گیا، سیاسی اورمعاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے تحفظات پرتوجہ دلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات پرعالمی تنظیموں سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرزکی توجہ دلائی جائے، یقین ہےکہ پاکستان کےمستقبل سےمتعلق تمام امورمیں قانون کی حکمرانی کو ترجیح دی جائےگی اور ہمیں یقین ہے کہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کو ترجیح دی جائے گی۔
