اسلام آباد میں بنیادی مرکز صحت میں ٹیلی میڈیسن سینٹر کا افتتاح

اسلام آباد میں وفاقی وزیر صحت مصطفٰی کمال نے ٹیلی میڈیسن سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن ایک انقلاب ہے۔ ٹیکنالوجی نے دوردراز علاقوں میں علاج آسان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹرز میں مریضوں اور ڈاکٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ٹیلی میڈیسن سے غریب طبقے کیلئے علاج آسان بنانا چاہتے ہیں۔ بنیادی مراکز صحت کو مضبوط بنانے سے بڑے اسپتالوں پر بوجھ کم ہو گا۔
مصطفی کمال نے مزید کہا کہ نظام صحت میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ صحت کے بنیادی نظام کو مضبوط کرنا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی سے وسائل پر دباؤ ہے۔ ہم ہر سال نیوزی لینڈ کی آبادی کے مساوی آبادی پیدا کر رہے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر کیلئے بچوں کی پیدائش میں وقفہ ضروری ہے، ہیلتھ کیئر سسٹم لوگوں کو بیمار بننے سے بچانے میں ناکام ہے۔
