ہسپتالوں میں رش کم کرنے کیلئےٹیلی میڈیسن سسٹم کا باقاعدہ آغاز

پاکستان میں بڑے ہسپتالوں کا رش کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔

وزارت صحت کے تعاون سے صحت کہانی کے زیر اہتمام پہلے ہیلتھ کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے شرکت کی، جس میں انہوں نے کہا کہ آج ٹیلی میڈیسن کے حوالے سے بہت بڑا دن ہے کیونکہ ہمارے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں سیاسی جلسوں کی مانند ہجوم نظر آتا ہے، جس کی بنیادی وجہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کی عدم موجودگی ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ سسٹم کا مؤثر متبادل ٹیلی میڈیسن سسٹم ہے، جسے وفاقی بنیادی صحت مراکز میں شروع کر دیا گیا ہے۔

ٹیلی میڈیسن سسٹم شعبۂ صحت میں ایک خاموش انقلاب ہے۔ اسلام آباد کے گوگینہ گاؤں میں ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جہاں صحت کہانی ادارہ ڈیجیٹل صحت سہولیات فراہم کرے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بڑے ہسپتالوں میں آنے والے 70 فیصد مریضوں کو بنیادی صحت مراکز سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے 6 اور کراچی کے 4 مقامات پر ٹیلی میڈیسن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔

Back to top button