مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی، 8 ممالک کی فضائی حدود بند

ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائی کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
یورپ اور ایشیا کے درمیان فضائی راستوں کو شدید متاثر کیا ہے اور دنیا بھر کی بڑی فضائی کمپنیوں کو پروازیں منسوخ، معطل یا متبادل راستوں پر منتقل کرنا پڑا ہے۔
فضائی حدود بند کرنے والے ممالک میں ایران، اسرائیل، عراق، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور شام شامل ہیں۔
امارات ایئرلائن نے دبئی ہوائی اڈے سے اپنی پروازیں معطل کر دیں، جبکہ فلائی دبئی کی سروسز بھی فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہوئیں۔ قطر ایئرویز نے عارضی طور پر پروازیں روک دیں، اور عمان ایئر نے بغداد کے لیے پروازیں معطل کر دیں۔
کویت ایئرویز نے ایران کے لیے تمام پروازیں بند کر دیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے مشرقِ وسطیٰ کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر روک دیں۔
ترک ایئرلائنز اور دیگر ترک فضائی کمپنیوں نے ایران، عراق، شام، لبنان، اردن، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کر دیں۔
