مشرق وسطیٰ میں کشیدگی،چین نے پاکستان کی ثالثی کی حمایت کردی

پاکستان  میں  چین کے سفیر  جیانگ  زی ڈونگ  نےکہا ہےکہ  مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا ثالثی کردار  قابل  ستائش ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ  چین طاقت کے بجائے بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی ہے۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں چین یکطرفہ اقدامات  اور طاقت کی سیاست کے خلاف ہے۔

چینی سفیر نےکہا کہ  چین بین الاقوامی قانون کو ملکی قانون کے تابع کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  غیرفوجی اہداف پر حملہ نہیں ہونا چاہیے اوربحری راستوں کی سلامتی میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، چین کی ثالثی کی کوششیں تنازع کے حل تک جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ برطانوی  اخبار  فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہےکہ فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ٹرمپ  سے بات چیت کی ہے۔

برطانوی اخبار نے لکھا ہےکہ پاکستان خود کو ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مرکزی ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے اور سینئر پاکستانی حکام ایرانی عہدے داروں اور وٹکوف اور جیراڈ کشنر کے درمیان بیک چینلز رابطے کروا رہے ہیں۔

برطانوی اخبار  کے مطابق جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان اپنی عسکری قیادت کے  ایران کے ساتھ تعلقات اور ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار  روابط کو استعمال کر رہا ہے۔

Back to top button