دہشتگردی کامقدمہ،پی ٹی آئی کے8رہنماؤں کے وارنٹ جاری

اے ٹی سی اسلام آباد دہشت گردی کے مقدمے میں نامزد تحریک ا نصاف کے 8 مرکزی رہنماؤں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب اور علی نواز اعوان سمیت دیگرکےوارنٹ جاری کئےگئے۔

یہ مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا جس کی سماعت اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

عدالت کی بارہا طلبی کے باوجود کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

مسلسل غیر حاضری پر جج نے گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ملزمان کو 11 نومبر تک عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس کے بعد کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔

یہ مقدمہ محکمہ انسداد دہشتگردی نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا تھا، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشتگردی کے زمرے میں آنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ایک علیحدہ عدالتی پیش رفت میں اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے آڈیو لیک کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

Back to top button