بنوں میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 6 اہلکار زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے تختی خیل میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم ایف سی اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ حملے میں ایف سی کے 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترجمان بنوں پولیس عامر خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ سرحدی علاقے تختی خیل میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے اچانک ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ڈیرہ غازی خان اور اٹک میں رینجرز کی تعیناتی میں 3 ماہ کی توسیع
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر بنوں کے ملٹری کمبائنڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق حملے کے بعد پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
