کرک پولیس چوکی پردہشت گردوں کا حملہ،3اہلکارشہید

خیبر پختونخوا میں کرک پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں 3پولیس اہلکارشہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ خرم تحصیل بانڈہ داؤد شاہ بہادر خیل چوکی پر رات گئےمسلح افراد نے حملہ کردیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری اور ریسکیو اداروں کو موقع پر طلب کرکے کارروائی شروع کی گئی۔
مقامی افراد نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری تھا۔
واقعے کے بعد آئی جی پختونخوا ذوالفقار حمید کرک پہنچےاور انہوں نے تفصیلات معلوم کرتے ہوئے مزید احکامات جاری کئے۔
حملہ آوروں نے پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کیلئے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔پولیس کاکہنا ہے کہ حملے میں شہید اہل کاروں میں ڈرائیور نقیب اور عدنان شامل ہیں جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
بعد ازاں پولیس اہل کاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،جس میں آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید بھی شریک تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک میں پولیس چوکی بہادر خیل پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا۔خیبرپختونخوا پولیس کے شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔کے پی پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود ہے۔کے پی کے پولیس کے بہادر سپوتوں نے خون سے وطن عزیز کے امن کی آبیاری کی ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی حملے میں 3پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
